Monday, May 1, 2023

بچوں کی تربیت، اثرات و نتائج || Bacchon ki tarbeeyat Asarat wa Nataiz


 بچوں کی تربیت، اثرات و نتائج



 قارئین کرام : آج وقت کے  اہم ترین مسائل میں سے ایک اہم مسئلہ بچوں کی تربیت کا ہے

جبکہ  بغیر تربیت کے ملک اور قوم کی ترقی ممکن بھی  نہیں  ہے لیکن پھر بھی ہم غفلت کی چادر اتارنے کے لئے تیار نہیں ہیں

 حیرت تو یہ کہ لوگوں کی اکثریت آغاز سے تو واقف ہے لیکن انجام سے بےخبر ہے اس پر ستم  یہ ہے کہ انجام کو جاننے کی کوشش بھی نہیں کی جاتی ہے ۔

جس کا خمیازہ  صرف فرد کو نہیں بلکہ پوری جماعت کو بھگتنا پڑتا ہے    

جیساکہ وقتا فوقتا دیکھا جاتا ہے کہ غیر مہذب اور ناہنجار بچوں کی غیر معمولی تعداد اخلاقی، سماجی، سیاسی اور اقتصادی معیار کو تباہ کر نے میں لگی ہے نیز اسی طرح  پر سکون ماحول ،آپسی بھائی چارہ،اور باہمی الفت ومحبت کی فضاء کو مکدر کرنے میں منہمک ہے اتنا ہی نہیں بلکہ یہ بچے تباہی وبربادی کے سارے وسائل ذرائع لے کر سڑکوں اور گلیوں میں بے باک  گردش کرتے پھرتے ہیں ! تھوڑی تھوڑی سی باتوں پر پولیس افسران کی موجودگی میں  گنگا جمنی تہذیب کی دیواروں کو مسمار کرتے ہوئے اس طرح پر سوز کارنامے انجام دیتے ہیں کہ انسانیت شرمسار ہوجائے اور خود انسان خون کے آنسوں رونے پر مجبور ہوجائے وجہ صرف یہ ہے کہ والدین اور اساتذہ کی غیر ذمہ دارانہ رویہ اور تربیت  سے بے اعتنائی وکنارہ کشی ہے اور اس بات کی عدم واقفیت بھی کہ بچے بڑے ہوکر کس کردار کے متحمل ہونگے ؟ انہیں یہ بھی احساس نہیں ہوتا کہ بچوں میں مثبت  اثرات زیادہ ہیں یا منفی ؟ وہ اپنی توجہ صرف بچوں کی  ساخت اور بناوٹ پر رکھتے  ہیں ۔

قارئین کرام : واضح رہے کہ ہمارے بچے رب العالمین کی عظیم ترین امانت ہیں یہ ہمارے مستقبل ہیں انکی تربیت کی وہی حیثیت ہے جو خود انکی زندگی کی ہے ۔

یہی وجہ ہے کہ دنیا کے تمام مذاہب میں تربیت کو ایک مقام حاصل ہے

 جبکہ مذہب اسلام میں نہایت ہی بلند مقام حاصل ہے کیونکہ قران و آحادیث میں تربیت سے متعلق دلائل کے انبار ہیں اگر یہ کہاجائے تو شاید مبالغہ نہ ہوگا کہ تمام انبیاء کرام کی بعثت اسی مقصد کے لئے ہوئی ہے نیز  ان کی دعوتی اور اصلاحی مشن میں تربیت کا پہلو غالب اور نمایاں ہوتا تھا ۔

کیونکہ کہ تربیت سے لوگوں کے دل ودماغ، سیرت وکردار،اخلاق ،عادات ، خیالات ، میلانات بدلے جا  سکتے ہیں چنانچہ  اس پر تاریخ بھی  گواہ ہے کہ ہمارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے تربیت کی بدولت سنگ دل انسان کو موم بنا دئے جنگلی دیہاتی اور غیر مہذب کو تہذیب یافتہ بنا دئے 

 اب اگر  ہم  انسان اپنے بچوں کا مستقبل تابناک اور روشن کرنے کے متمنی ہیں نیز انکی زندگی کو برباد ہونے اور جہنم کے ایندھن بننے  سے بھی بچانے کے خواہش مند  ہیں ، تو اس آیت پر عمل کرنا ہوگا جیساکہ اللہ تعالٰی نے فرمایا ،،ياايها الذين آمنوا قوا أنفسكم واهليكم نارا،، یعنی خود کو اور اپنے اہل کو جہنم کی آگ سے بچا لو - تعلیم و تربیت کے ذریعہ سے معلوم ہوا کہ اگر بچہ کی تعلیم و تربیت کا صحیح انتظام نہ ہو تو بچہ جہنم کا ایندھن تو بنے گا ہی اور دنیا میں  بھی لوگوں کے لئے پریشان کن ہونگے

 اور یہ بھی طئے ہے کہ  ایسے بچے  وطن کے ساتھ وفاداری نہیں غداری کریں گے 

قارئین کرام: سچ تو یہ ہے کہ بچپن کی تربیت، جوانی اور بڑھاپے تک قائم رہتی ہے- اسی لئے والدین اور اساتذہ کے لئے ضروری ہے کہ بچہ کی تربیت پر خاص توجہ دیں تربیتی امور کی ادائیگی پر مکمل زور دیں تاکہ اس کی اہمیت کسی قیمت پر فوت نہ ہوجائے ورنہ نتائج بھی ٹھیک نہیں ہونگے یہ اصولی چیز ہے کہ تربیت صحیح ہوگی  تو اس کا نتیجہ بھی اچھا ہوگا  اور تربیت ہی غلط ہوگی  تو نتیجہ بھی غلط ہی ہوگا

 لہذا اگر آپ چاہتے ہیں کہ قوم وملت ، سماج ومعاشرہ  اور ملک کی حالت سدھرے ، اس کے تاجر ، ملازم، حکمراں طبقہ کے لوگ اچھے ہوں تو تو بچوں کی تربیت پر خاص توجہ دیں  انکی تربیت کو اپنی ترجیحات میں شامل کریں  اسی طرح بچوں کی تربیت گاہ کا جائزہ لیں اور وہاں کی کمی اور خامی کی اصلاح کریں ارباب مدارس بھی غیر مہذب اساتذہ و ملازمین کو ہمیشہ کے لئے معطل اور رخصت کردیں

اسی طرح  سماج میں بگڑے ہوئے لوگوں کی اصلاح کے لئے مجالس منعقد کریں اور اصلاح کے تمام پہلوؤں پر غور وفکر کریں تبھی ہمارا سماج آگے بڑھ سکتا ہے  اور آپسی تعلقات مستحکم ہوسکتی ہیں 

قارئین کرام: بچوں کی صحیح تربیت کی نشانی یہ ہے کہ جو کچھ سکھایا یا بتایا جائے وہ طبیعت ثانیہ بن جائے اور وہ  ان اقدار کا حامل ہوجائے ، جو ایک مکمل انسان کے لئے ضروری ہیں یعنی بصارت کے ساتھ بصیرت بھی کام کرتی ہو ، اخلاق حسنہ اور بہترین کردار کا مالک ہو ، خوشی اور غم میں بے قابو ہونے کے بجائے صبر اور شکر کو لازم سمجھے ، امانت اور اعتماد نفس کا حوصلہ بھی ہو ، صحت کی فکر ہو ، معقول اور مناسب بات مان لینے کی عادت ہو اتنا ہی نہیں بلکہ ان میں دور اندیشی کا جوہر اس قدر ہو کہ لوگوں کے لئے ایک مثال بن جائے   

اللہ تعالٰی ہم سب کو زیادہ سے زیادہ عمل کرنے کی توفیق دے آمین

Web Designer faruque dilkash





No comments:

Post a Comment

Post Top Ad

Your Ad Spot

Pages

SoraTemplates

Best Free and Premium Blogger Templates Provider.

Buy This Template